وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور بڈنگ کا عمل مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے اسے پورے ملک میں ٹیلی ویژن پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والی کاروبا ری شخصیات اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے اور قومی ایئرلائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نجکاری کا عمل سہل اور تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد پی آئی اے ایک مرتبہ پھر اپنے ماضی کے نعرے “گریٹ پیپل ٹو فلائی وِد” کی روایت پر پورا اترے گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور بڈنگ 23 دسمبر 2025 کو ہوگی جسے تمام میڈیا چینلز پر براہِ راست دکھایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی عالمی پروازوں کی بحالی سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت ملے گی جبکہ ملک کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے بھی پی آئی اے کا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ بڈنگ کے بعد جو بھی فریق یہ ذمہ داری سنبھالے گا وہ قومی ایئرلائن کے تشخص کی بحالی اور ترقی کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کرے گا۔
دنیا بھر میں ہزاروں طیاروں میں سافٹ وئیر کا مسئلہ، پی آئی اے کا اہم پیغام
ملاقات وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہوئی، جس میں وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، سردار اویس لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بڈنگ میں شامل تمام اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
شرکاء نے حکومت کی جانب سے نجکاری کے پورے عمل کو پیشہ ورانہ، شفاف اور میرٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔
