وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد ائیرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور 2 گھنٹے تک امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس دوران انہوں نے بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
محسن نقوی نے ویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایجنٹ مافیا پیسوں کے لالچ میں معصوم لوگوں کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہا ہے اور ملک کی بدنامی کر رہا ہے، جبکہ معصوم لوگوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرون ممالک بھجوانے والے ایجنٹوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔
محسن نقوی نے 7 نومبر کو امیگریشن پر کم عملہ ہونے کی شکایت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ اس طرح کی شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہیئے۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ضروری دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا، تاہم جعلی دستاویزات یا دیگر غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک جانے والے مسافر ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور اس صورتحال کو کسی صورت جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
