محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں صبح و شام شدید ٹھنڈ کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان کے اضلاع میں درجۂ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے، اور کئی مقامات پر راتیں خاصی سرد رہیں گی۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، بالخصوص اسلام آباد اور گردونواح میں صبح و شام دھند یا اسموگ چھانے کا امکان ہے، جس کی شدت آنے والے دنوں میں بڑھ سکتی ہے۔
پشاور، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی علی الصباح ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور وسطی بلوچستان میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح و شب کے دوران خنکی میں اضافہ متوقع ہے۔
لاہور میں اسموگ کی صورتحال
ادھر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح مسلسل خطرناک سطح پر برقرار ہے۔ عالمی فہرست میں لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 212 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔
Lahore begins a new era of responsible and cleaner mobility with Punjab’s first Emissions Testing Regime.
Vehicles are now being checked with modern technology to curb harmful pollution.https://t.co/Bkg3DKZAcI#SmogFreePunjab #EPAPunjab #CleanGreenPunjab #Im4Climate…— Environment Protection & Climate Change Department (@EPCCDpunjab) November 28, 2025
شہر کے بعض علاقوں میں اے کیو آئی انتہائی تشویشناک سطح تک جا پہنچا۔ سیشن کورٹس کے علاقے میں 1088، ظہور الٰہی روڈ پر 916 اور ٹمبر مارکیٹ میں 873 ریکارڈ کیا گیا، جو خطرے کی بلند ترین سطح میں شمار ہوتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری باہر نہ نکلنے اور صبح کے اوقات میں سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

