اسلام آباد: نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) وفاقی دارالحکومت کے عوامی مقامات پر مفت وائی فائی فراہم کرے گی۔ لیکن اس کے لیے این ٹی سی نے صارفین کے لیے کچھ شرائط بھی لاگو کر دیں۔
این ٹی سی کے مطابق مفت وائی فائی استعمال کرنے سے پہلے صارفین کو اپنی شناخت کی تصدیق کرنی ہو گی۔ اس کے لیے صارفین کو اپنا نام اور موبائل نمبر رجسٹرڈ کرانا ہو گا۔
مفت وائی فائی استعمال کرنے والے ہر صارف کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ تاکہ معلوم ہو کہ کس مقام پر کون سا صارف وائی فائی استعمال کر رہا تھا۔
این ٹی سی کے مطابق یہ قدم سیکیورٹی مضبوط بنانے اور ممکنہ سائبر خطرات سے بچاؤ کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس زیادہ رش والے مقامات پر لگائے جائیں گے۔ جن میں میٹرو بس اسٹیشنز، مرکزی تجارتی علاقے اور دیگر عوامی مقامات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بحرین سے دو طرفہ تجارت کو 3 سال میں ایک ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے، وزیر اعظم
رپورٹ کے مطابق اس معاملے پر فوری عمل درآمد کے لیے این ٹی سی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ محکموں سے تعاون حاصل کر لیا ہے۔
