آنر نے اپنی نئی اسمارٹ فون سیریز آنر 500 اور آنر 500 پرو متعارف کرا دی ہے، جو غیرمعمولی 8,000 ایم اے ایچ بیٹری کے باعث توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ بیٹری اسمارٹ فونز کو باآسانی 2 دن تک چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو مارکیٹ میں کسی بھی بڑے برانڈ کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔
نئے ماڈلز میں ڈیزائن کو بھی ازسرِنو ترتیب دیا گیا ہے، جس کا انداز بیک پر موجود اُبھری ہوئی کیمرہ ویزر کے باعث آئی فون ایئر سے مشابہ دکھائی دیتا ہے۔ آنر 500 کا وزن 198 جبکہ پرو ماڈل کا وزن 201 گرام ہے۔ دونوں فون 7.8 ملی میٹر موٹائی کے ساتھ ایلومینیم فریم اور گلاس بیک پر مشتمل ہیں اور IP68 اور IP69K واٹر و ڈسٹ ریزسٹنس کے ساتھ متعارف کیے گئے ہیں۔
ڈسپلے کی خصوصیات دونوں ماڈلز میں یکساں رکھی گئی ہیں، جن میں 6.55 انچ LTPO OLED اسکرین، 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 6,000 نٹس تک کی شاندار برائٹنیس شامل ہے۔ اسکرین میں ان ڈسپلے فنگر پرنٹ سینسر بھی موجود ہے۔
کارکردگی کے لحاظ سے آنر 500 پرو میں سنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جبکہ آنر 500 میں سنیپ ڈریگن 8s جن 4 چِپ کا استعمال کیا گیا ہے۔ دونوں ڈیوائسز اینڈرائیڈ 16 پر مبنی MagicOS 10 پر چلتی ہیں، جبکہ پرو ماڈل 16 جی بی ریم اور 1 ٹی بی اسٹوریج تک کے آپشن کے ساتھ آتا ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ میں بھی نمایاں فرق موجود ہے۔ دونوں فونز میں 200 میگا پکسل کا مین کیمرہ اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس شامل ہے، تاہم پرو ماڈل میں اضافی 50 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرہ بھی دیا گیا ہے جو 3x آپٹیکل زوم فراہم کرتا ہے۔ سیلفی کے لیے دونوں فونز میں 50 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ دیا گیا ہے۔
بیٹری کے معاملے میں دونوں فونز میں 8,000 ایم اے ایچ کی دیوہیکل سلیکان کاربن بیٹری شامل ہے، جس کے ساتھ 80 واٹ فاسٹ چارجنگ فراہم کی گئی ہے، جبکہ پرو ماڈل میں 50 واٹ وائرلیس چارجنگ اور ریورس وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔
قیمتوں کے حوالے سے آنر 500 کی ابتدائی قیمت چین میں 380 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ آنر 500 پرو کی قیمت 506 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں ان ماڈلز کی قیمتیں نسبتاً زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
