اوگرا نے ملک بھر کی گیس کمپنیوں کے لیے گیس کی قیمتوں میں کمی کی سفارشات جاری کردی ہیں جو صارفین کے مفاد اور مالی نظم و ضبط کے اصولوں کے تحت کی گئی ہیں۔
ادارے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں 3 فیصد کمی تجویز کی گئی ہے جبکہ سندھ اوربلوچستان کے صارفین کے لئے 8 فیصد تک سستی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے سوئی نادرن کے لئے گیس کی نئی اوسط قیمت 1804.08 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کے لیے 1549.41 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی۔
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے قیمت کیا رہی؟
ادارے نے وضاحت کی کہ پاکستان ایل این جی کے مؤخر کارگوزاورمالیاتی ایڈجسٹمنٹس کا اثر صارفین کے حق میں شامل کیا گیا ہے ایس این جی پی ایل کیلئے 13.565 ارب روپے اور ایس ایس جی سی ایل کے لیے 47.315 ارب روپے ایڈجسٹ کئے گئے ہیں۔
اوگرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے جو قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی، حکومتی ہدایات تک موجودہ گیس کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کا مقصد صارفین کے بوجھ کو کم کرنا اور گیس کمپنیوں کے مالی معاملات میں شفافیت و توازن قائم رکھنا ہے۔
یہ اقدام عوام کو ریلیف دینے اورصنعتوں وگھریلوصارفین کے لئے توانائی کی قیمتوں میں مناسب سطح برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
