واشنگٹن، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکا کے اہم دورے پر واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، جہاں ان کا وائٹ ہاؤس میں غیر معمولی اور شانداراستقبال کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر خود سعودی ولی عہد کا استقبال کیا اور انہیں ’’خوش آمدید‘‘ کہتے ہوئے اس دورے کو دوطرفہ تعلقات کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
وائٹ ہاؤس کے لان میں استقبالیہ تقریب کے دوران امریکی فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندارمظاہرہ کیا، جس سے مہمان خصوصی کے استقبال کو مزید پروقار بنایا گیا، اس موقع پرفضا میں دونوں ممالک کے پرچم بھی لہراتے رہے۔
فلسطین اتھارٹی کا غزہ سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کا بھر پور خیرمقدم
سعودی ولی عہد نے وائٹ ہاؤس آمد کے فوراً بعد مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں صدر ٹرمپ نے انہیں عمارت کی تاریخی اہمیت، امریکی صدورکی یادگارتصاویراوروائٹ ہاؤس کی بیرونی دیواروں پرآویزاں خصوصی آرٹ ورک کے بارے میں آگاہ کیا۔
امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کچھ دیر بعد اوول آفس میں متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اورخطے میں استحکام سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنما اقتصادی سرمایہ کاری اور باہمی تجارتی مواقع بڑھانے پر بھی بات کریں گے۔
