چین میں شادی کرنے والے جوڑوں کے لیے خصوصی انعام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مشرقی شہر نِنگبو میں 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان شادی رجسٹر کرانے والے جوڑوں کو خصوصی واؤچرز دیے جائیں گے۔ یہ اقدام نوجوان جوڑوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی جانب مائل کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔
چین میں گزشتہ سال شادیوں کی تعداد ریکارڈ حد تک کم ہوئی تھی، جس کی وجہ بچوں کی پرورش اور تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
نِنگبو کے سول افیئرز ڈپارٹمنٹ کے مطابق نئے شادی شدہ جوڑے ایک ہزار یوآن، یعنی تقریباً چالیس ہزار پاکستانی روپے مالیت کے واؤچرز حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ واؤچرز شادی کی فوٹوگرافی، تقریبات، ہوٹل میں رہائش اور شادی سے متعلق دیگر اخراجات سمیت کاروباری خدمات پر بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ واؤچرز کی تعداد محدود ہے اور انہیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں شادی ہالز پر نئے ٹیکسز کا نفاذ
اسی نوعیت کے اقدامات چین کے دیگر مشرقی شہروں میں بھی کیے گئے ہیں جہاں سال کے آخر تک کیش واؤچرز فراہم کیے جائیں گے۔
چینی حکام کے لیے شادی اور بچوں کی پیدائش میں کمی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ حالانکہ ملک کی آبادی اب بھی 1.4 ارب کے ساتھ دنیا میں دوسری بڑی ہے، مگر تیزی سے بڑھتی عمر رسیدگی حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
گزشتہ سال اس رجحان سے نمٹنے کے لیے حکام نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ طلبہ کو شادی، محبت اور خاندانی زندگی سے متعلق مثبت سوچ دینے کے لیے “محبت کی تعلیم” جیسے کورسز متعارف کرائیں۔
