وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مسلمانوں کو متحد ہونا پڑے گا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جا رہا ہے، علامہ اقبالؒ کا کلام ہمیشہ زندہ و پائندہ رہے گا، بدقسمتی سے ہم علامہ اقبال کا پیغام بھلا بیٹھے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ اس وقت بھٹک چکی ہے ، اگر ہم اپنی اپنی مملکتیں بچاتے رہے اور ملکر نہ لڑے تو باری باری مشکل میں مبتلا ہوں گے، عالم اسلام کیخلاف لڑائی متحد ہو کر نہ لڑی تو پھر سب کی حالت غزہ اور کشمیر کی طرح ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امت اس وقت بھٹکی ہوئی ہے، غزہ سے کشمیر تک ظلم ہو رہا ہے، اللہ تعالی ہمیں ہمت اور طاقت دے کہ ہم مظلوم بہن بھائیوں کی مدد کر سکیں، مظلوموں کے کیلئے آواز بلند کر سکیں۔
