فیصل آباد، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار فتح پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور قومی کرکٹ ٹیم کو داد تحسین پیش کی۔
وزیرِاعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، کوچز اور بورڈ عہدیداران کی بھی پذیرائی کی اورکہا کہ پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اورامید ہے کہ آئندہ میچز میں بھی وہ اسی طرح محنت اور شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز جیتنا کھلاڑیوں کی محنت اور شاندار ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، 17 برس بعد اقبال سٹیڈیم میں سیریز جیت کر کھلاڑیوں نے ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ کر دی ہیں۔
بابراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور ریکارڈ قائم کردیا
محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان شاہین آفریدی اور تمام کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں کامیابی ٹیم ورک اور جذبے کا نتیجہ ہے اور قوم کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرکے خوشیاں بانٹیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ شاہینوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے وطن کے لیے اعزاز حاصل کیا، یہ فتح نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ بھی ہے۔
