بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے فاسٹ بولر جہاں آرا عالم کی جانب سے سابق سلیکٹر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق جہاں آرا نے دعویٰ کیا ہے کہ 2022 ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران ایک سابق سلیکٹر نے ان سے نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔
اس ضمن میں بی سی بی نے کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15 دنوں میں اپنی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میڈیا میں رپورٹ ہونے والے ان الزامات پر تشویش کا اظہار کرتا ہے جو قومی ویمنز ٹیم کی سابق رکن نے ٹیم سے وابستہ چند افراد کے مبینہ نامناسب رویے کے حوالے سے کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ یہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے، اس لیے بی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے جو معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی۔ کمیٹی اپنی رپورٹ 15 دن کے اندر پیش کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بورڈ اپنے تمام کھلاڑیوں اور عملے کے لیے محفوظ، باعزت اور پیشہ ورانہ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور ایسے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔
بھارتی افواج میں خواتین کیساتھ جنسی ہراسانی اور ادارہ جاتی ناکامیوں کا انکشاف
جہاں آرا عالم، جو اس وقت آسٹریلیا میں مقیم ہیں، نے صحافی ریاسد عظیم کو دیے گئے ایک انٹرویو میں الزام لگایا کہ ایک سابق سلیکٹر، جو اُس وقت ویمنز ٹیم کے منیجر بھی تھے، نے ان سے نازیبا سوالات کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ چند بی سی بی عہدیداران نے بھی ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا، جس کی شکایت انہوں نے بورڈ کے سابق ڈائریکٹر شفیع الاسلام نادل اور چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کو کی تھی۔
جہاں آرا نے الزام لگایا کہ 2021 میں ٹیم مینجمنٹ کے ایک رکن نے ایک کوآرڈینیٹر کے ذریعے انہیں ’ذاتی تعلقات‘ کی پیشکش کی۔ م
ان کا کہنا تھا کہ میں نے نرمی سے بات بدل دی، مگر جب میں نے انکار کیا تو اگلے ہی دن منجو بھائی (منظور الاسلام) نے میرے خلاف رویہ بدل لیا اور مجھے نیچا دکھانے لگے۔
جہاں آرا عالم نے بنگلہ دیش کی جانب سے 135 میچوں میں حصہ لیتے ہوئے ون ڈے میں 48 اور ٹی ٹوئنٹی میں 60 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ وہ واحد بنگلہ دیشی کھلاڑی ہیں جنہوں نے بھارت میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیلنج اور فیئربریک انویٹیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت کی۔
