وزیر اعظم شہباز شریف سے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ایرانی اسپیکر نے اسرائیل کیساتھ جنگ میں حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ برادرانہ باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مسائل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری جیسے پرامن طریقوں پر دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے عزت و تکریم اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔
چینی وزیر خارجہ کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران بد قسمتی سے دہشتگردی کا شکار رہے ہیں ، دونوں ممالک پوری دنیا کے لیے امن و خوشحالی اور علاقائی تعاون کے علمبردار ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں بالخصوص معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔
اس موقع پر اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر باقر نے وزیراعظم ،حکومت اور پاکستان کے عوام کا ایران اسرائیل جنگ میں بھرپور تعاون اور حمایت پر ایک بار پھر دلی اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات ، تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی حمایت کو ایرانی عوام کی تحسین اور خصوصی پزیرائی حاصل ہے۔ پاکستان اور ایران دنیا کے امن اور مسلم امہ کے اتحاد پر یقین رکھتے ہیں۔
ایرانی اسپیکر نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بشمول معیشت اور تجارت میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی طرف سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے جذبہ خیر سگالی کا بھی اظہار کیا۔
