اسلام آباد: پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل جمعرات کو شیڈول کے مطابق استنبول میں ہو گا۔
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمے پر زور دے گا۔
ذرائع کے مطابق استنبول مذاکرات کے دوسرے دور میں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے نفاذ کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔
افغان طالبان کے وفد میں سینئر وزیر کی موجودگی کی صورت میں وزیر دفاع خواجہ آصف بھی استنبول روانہ ہوں گے۔ پاکستانی وفد کی قیادت کا حتمی فیصلہ افغان وفد کی قیادت دیکھ کر ہی کیا جائے گا۔ جبکہ پاکستانی وفد میں قومی سلامتی کے مشیر بھی میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے واضح پیغام دیا جائے گا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: خطے میں قیام امن کے لئے افغانستان والے دانشمندی سے کام لیں، خواجہ آصف
واضح رہے کہ پاکستان اور افغان طالبان نے ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
