اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی گھر بیٹھے بنوانے کی سہولت متعارف کرا دی۔
پاکستانی شہریوں کو اب شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نادرا آفس جانے کی ضرورت نہیں۔ نادرا نے اپنی جدید آن لائن سروس کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف کرا دی۔
شہری اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے کر نیا شناختی کارڈ حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق اب شہری نیا شناختی کارڈ، تجدید شدہ کارڈ، یا معلومات میں تبدیلی والا کارڈ صرف چند آسان مراحل میں آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو لمبی قطاروں، دفتر کے چکروں اور وقت کے ضیاع سے بچانا ہے۔
شہریوں کو گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نادرا کی آفیشل پاک آئی ڈی ایپ یا ویب سائٹ پر جا کر اپنی شناختی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ بائیومیٹرک تصدیق کے بعد کارڈ کی فیس ادا کر کے کارڈ براہ راست گھر پر وصول کیا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ سہولت خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے مفید ثابت ہو گی۔ جنہیں نادرا کے دفتر تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مولا جٹ کی سیاست کرنی ہے تو پھر گورنر راج کا آپشن بھی ہے، فیصل واوڈا
نادرا چیئرمین کے مطابق یہ قدم پاکستان کو ڈیجیٹل سروسز کے نئے دور میں داخل کر رہا ہے۔ آن لائن شناختی کارڈ سروس کے ذریعے شفافیت، سہولت اور شہریوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو گا۔
