پاکستان سمیت دنیا بھر میں 9 نومبر بروز اتوار شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کا یومِ پیدائش بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ تاہم اس سال ملک میں اقبال ڈے پر کسی اضافی سرکاری تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا کیونکہ یہ دن اتوار کے روز آ رہا ہے جو پہلے ہی ملک بھر میں عام تعطیل کا دن ہوتا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری 2025 کی سرکاری تعطیلات کی فہرست میں اقبال ڈے کا ذکر موجود ہے، مگر چونکہ یہ تاریخ اتوار سے مطابقت رکھتی ہے، اس لیے علیحدہ چھٹی نہیں دی جائے گی۔ اس طرح عوام اپنی معمول کی اتوار کی چھٹی ہی کو یومِ اقبال کے طور پر منائیں گے۔
بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات، تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں چھٹیاں
یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات، مشاعرے، سیمینارز اور تعلیمی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے، جن میں شاعرِ مشرق کی تعلیمات اور افکار پر روشنی ڈالی جائے گی۔ مختلف جامعات، تعلیمی اداروں اور سرکاری و نجی تنظیموں کی جانب سے اقبال شناسی کے موضوع پر تقریری مقابلے اور خصوصی نشستیں رکھی گئی ہیں، جن کا مقصد نئی نسل کو اقبال کے پیغامِ خودی سے روشناس کرانا ہے۔
علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ وہ نہ صرف اردو اور فارسی ادب کے عظیم شاعر تھے بلکہ ایک فلسفی، مفکر اور سیاست دان بھی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب پیش کیا۔ ان کی شاعری نے نوجوانوں میں خود اعتمادی، بیداری اور اتحاد کا جذبہ پیدا کیا، جو بعد میں تحریکِ پاکستان کی بنیاد بنی۔
پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی مقرر کی گئی ہے، رانا سکندر حیات
اگرچہ اس سال اقبال ڈے پر اضافی چھٹی نہیں ہوگی، مگر قوم اپنے مفکرِ پاکستان کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ یاد کرے گی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اقبال کی تعلیمات پر عمل ہی اُنہیں حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔
