اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جو پودا 2017 میں لگایا تھا وہ آج تناور درخت بن چکا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے ایک ہزار کامیاب آپریشن کا سنگ میل عبور کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جو پودا 2017 میں لگایا تھا وہ آج تناور درخت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ سے اب تک 40 لاکھ مریض مستفید ہو چکے ہیں۔ ماضی میں پی کے ایل آئی کو تباہ کرنے کی مذموم سازشیں ہوتی رہیں۔ اور پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز کو ختم کر کے ادارے کو غیر فعال کر دیا گیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2022 میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری سنبھالی تو پی کے ایل آئی کی ازسر نو بحالی پر کام شروع کیا۔ اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے موجودہ حکومت میں پی کے ایل آئی کے لیے محنت کی جو قابل ستائش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بانی کو جانتی تک نہیں، فواد چودھری
انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی 80 فیصد مریضوں کا علاج مفت کرتا ہے۔ اور غریب عوام بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں۔ پی کے ایل آئی کے قیام اور ازسر نو بحالی کے لیے محنت کرنے والی ٹیم کی کاوش لائق تحسین ہے۔ پی کے ایل آئی کے بہتر کردار ادا کرنے پر پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔
