وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان ترجمان کے گمراہ کن بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سرحد پار دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے گا۔ افغان طالبان کے جھوٹے بیانات سے حقائق نہیں بدلیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مکمل ہم آہنگ ہے، سرحد پار دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رکھیں گے۔
پاکستان نے افغان طالبان ترجمان کا گمراہ کن بیان مسترد کر دیا
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی غیر نمائندہ حکومت شدید اندرونی دھڑے بندی کا شکار ہے، جہاں خواتین، بچوں اور اقلیتوں پر مسلسل جبر جاری ہے جبکہ اظہارِ رائے، تعلیم اور نمائندگی کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، 4 سال گزرنے کے باوجود افغان طالبان عالمی برادری سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
افغان ترجمان کی جانب سے بدنیتی پر مبنی اور گمراہ کن تبصروں پر واضح کرناچاہتاہوں کہ
افغانستان کے حوالے سے پاکستان کی سیکیورٹی پالیسیوں پر تمام پاکستانیوں بشمول ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔پاکستانی عوام بالخصوص خیبر پختونخواہ کے لوگ، افغان طالبان…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 1, 2025
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اپنی اندرونی تقسیم، بدامنی اور گورننس کی ناکامی چھپانے کیلئے وہ محض جوشِ خطابت، بیانیہ سازی اور بیرونی عناصر کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان بیرونی عناصر کی “پراکسی” کے طور پر کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کی افغان پالیسی قومی مفاد، علاقائی امن اور استحکام کے حصول کیلئے ہے۔
