ملک بھر میں شادیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی نئے کرنسی نوٹوں (fresh currency notes)کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پاکستان کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور، سیالکوٹ، نارووال اور راولپنڈی میں شہری بڑی تعداد میں بینکوں کا رخ کر رہے ہیں تاکہ تازہ کرنسی نوٹ حاصل کیے جا سکیں۔ اس موقع پر بینکوں کے باہر لمبی قطاریں بھی دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
اسٹاک ایکسچینج میں استحکام برقرار ، ڈالر مزید سستا ہو گیا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں سے نئی کرنسی نوٹ بغیر کسی اضافی چارجز کے حاصل کئے جا سکتے ہیں، تاہم اکثر اوقات محدود دستیابی کے باعث شہریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں کئی لوگ عام بازار کا رخ کرتے ہیں جہاں دکاندار ان نوٹوں کو اضافی قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔
10 روپے کے نوٹوں کا بنڈل جو عام طور پر 1 ہزار روپے کا ہوتا ہے، 1 ہزار 200 سے 1 ہزار 300 روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح 50 روپے کے نوٹوں کا بنڈل جس کی اصل مالیت 5 ہزار روپے ہے، عام بازاروں میں 5 ہزار 300 سے 5 ہزار 500 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
100 روپے کے نوٹوں کا ایک بنڈل جس کی اصل قیمت 10 ہزار روپے ہے، 10 ہزار 500 سے 10 ہزار 700 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔
درہم ، ریال، دینار، پاؤنڈ اور ڈالر کا ریٹ آج کیا رہا؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شادی کے سیزن میں ایسی صورتحال دیکھنے میں آتی ہے جب بینکوں میں طلب کے مقابلے میں سپلائی کم ہو جاتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ غیر رسمی مارکیٹ میں نوٹوں کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک تازہ نوٹوں کی فراہمی کو بہتر بنائے تاکہ عوام کو غیر قانونی منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔
