واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے کامیاب میزائل تجربے پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اتنا دور جانے کی ضرورت نہیں۔ کیونکہ امریکا کی ایک جوہری آبدوز روس کے ساحل کے قریب موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پیوٹن کا یہ کہنا مناسب نہیں کہ وہ میزائل کا تجربہ کر رہے ہیں۔ آپ کو جنگ ختم کرنی چاہیے۔ وہ جنگ جو ایک ہفتے میں ختم ہو جانی چاہیے تھی۔ اب اس کا چوتھا سال ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس کو جنگ ختم کرنا چاہیے نہ کہ میزائل ٹیسٹ۔ وہ یوکرین میں جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جو دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کی سب سے ہلاکت خیز جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں امن قائم کرنا غزہ میں جنگ بندی یا بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع ختم کرنے سے زیادہ مشکل ہے۔
ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا وہ روس پر اضافی پابندیاں لگانے پر غور کر رہے ہیں؟ جس پر انہوں نے کہا آپ کو پتہ چل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سب سے زیادہ ارب پتی شخصیت رکھنے والے ممالک
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیوٹن نے اعلان کیا تھا کہ روس نے ’’بورِیویست نِک‘‘ نامی کروز میزائل کا حتمی اور کامیاب تجربہ کیا ہے۔ جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کی رینج لامحدود ہے۔
