ریاض، سعودی عرب میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران 14,039 افراد کوملک بدرکردیا گیا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق 16 سے 22 اکتوبر کے دوران مختلف سرکاری اداروں کے اشتراک سے مشترکہ آپریشنز کیے گئے جن میں 22,613 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار شدگان میں 13,652 افراد اقامہ قوانین، 4,394 سرحدی قوانین اور 4,567 لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔
برطانیہ میں گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے، ونٹر ٹائم کا آغاز
وزارت کا کہنا ہے کہ 23,021 غیرملکیوں کو اپنے ممالک کے سفارتی مشنوں کے حوالے کیا گیا تاکہ سفری دستاویزات جاری کی جا سکیں جبکہ 3,939 افراد کو سفری انتظامات مکمل کرنے کے لیے منتقل کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ 1,699 افراد کو غیر قانونی طورپرمملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتارکیا گیا، جن میں اکثریت ایتھوپین اوریمنی شہریوں کی تھی۔
اسی طرح 35 افراد کو ملک سے غیر قانونی طور پرنکلنے اور 23 کو قانون شکنوں کو پناہ یا روزگار فراہم کرنے پر حراست میں لیا گیا۔
وزارتِ داخلہ نے خبردار کیا کہ ایسے افراد کو 15 سال قید، دس لاکھ ریال تک جرمانہ اورجائیداد یا گاڑی ضبطی کی سزا ہو سکتی ہے۔
