اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے گزشتہ سال حج کرنے والے حجاج کو 3 ارب 45 کروڑ 65 لاکھ 85 ہزار روپے واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشہ سال فریضہ حج ادا کرنے والے حجاج کو رقوم کی منتقلی کا عمل بینک اکاؤنٹس میں 31 اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ حج انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ اور حج اخراجات کو ممکنہ حد تک کم سے کم رکھا جائے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج 2026 کے لیے40 دن کے حج پیکیج کی رقم11 لاکھ50 ہزار روپے۔ جبکہ 25 دن کے شارٹ حج کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
حجاج کو رقوم کی واپسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج کے دوران رہائشی عمارتوں۔ کھانے پینے، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر معاملات میں تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے کی بچت کی گئی۔ اور یہی رقم حاجیوں کو واپس کی جا رہی ہے۔
رقوم کی واپسی کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 ہزار 286 حاجیوں کو 12 ہزار فی کس۔ 13 ہزار 939 حاجیوں کو 25 ہزار۔ 8 ہزار 496 حاجیوں کو 48 ہزار، 20 ہزار 302 حاجیوں کو 75 ہزار۔ 10 ہزار 945 حاجیوں کو 90 ہزار اور 400 حاجیوں کو ایک لاکھ 10 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رقم واپس کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ رقوم کی واپسی آج سے ہی شروع ہو جائے گی۔ اور جن حاجیوں کو رقم واپس نہیں کی گئیں۔ انہوں نے حجاز مقدس میں فراہم کی گئی تمام سہولیات سے مکمل استفادہ کر لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے شکارپور میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا
انہوں نے کہا کہ حج 2026 کے موقع پر بھی حاجیوں کو سفری بیگ اور سعودی کمپنی کی موبائل فون سم دی جائے گی۔ جس میں انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ فون کالز کی سہولت بھی میسر ہو گی۔
