کوئٹہ، بلوچستان کے ضلع سبی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو ہدف بنایا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سبی کے نواحی علاقے میں تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، جس پرفورسز نے فوری کارروائی کی۔
ترجمان نے بتایا کہ جیسے ہی سی ٹی ڈی کی ٹیم موقع پر پہنچی، دہشت گردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
کارروائی کے بعد علاقے کی تلاشی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، دستی بم اور حساس مقامات کے نقشے برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد صوبے میں امن و امان خراب کرنے اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئیں، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے۔
کسی بھی قسم کی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ امن دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
