بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان (salman khan)سعودی عرب میں ایک تقریب کے دوران اپنے بیان سے تنقید کی زد میں آگئے۔
اداکار ان دنوں شاہ رخ خان اور عامر خان کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں تینوں فنکار مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں اور مداحوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے مطابق ایک میڈیا سیشن کے دوران سلمان خان سے پوچھا گیا کہ سعودی عرب میں بھارتی فلموں کی مقبولیت پر وہ کیا سوچتے ہیں؟ اس پر اداکار نے جواب دیا:
’’ہمارے ملک سے بہت سے لوگ یہاں آتے ہیں، یہاں بلوچستان، افغانستان اور پاکستان سے بھی لوگ آتے ہیں۔‘‘
سلمان خان کے اس جملے نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ پاکستانی صارفین کی بڑی تعداد نے اس بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار نے بھارت کا ذکر نہیں کیا اور بلوچستان کو پاکستان سے الگ ظاہر کیا، جو سیاسی طور پر حساس معاملہ ہے۔
کئی صارفین نے طنزیہ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ جیسے بھارت سے لوگ سعودی عرب آتے ہیں، ویسے ہی ’’خالصتان، بلوچستان اور پاکستان‘‘ سے بھی آتے ہیں۔ کچھ نے اسے اداکار کی لاعلمی قرار دیا، تو بعض نے کہا کہ سلمان خان کو ایسے حساس جملوں سے گریز کرنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب، سلمان خان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان کے دفاع میں سامنے آئی۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ اداکار کا مقصد کسی ملک یا خطے کو الگ ظاہر کرنا نہیں تھا بلکہ وہ عمومی طور پر جنوبی ایشیا سے آنے والے مزدوروں اور کارکنوں کی بات کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر یہ معاملہ تاحال موضوعِ بحث ہے، جہاں کچھ صارفین اداکار سے وضاحت کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ دیگر اس واقعے کو غیر ارادی زبان کی لغزش قرار دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:ریاض سیزن 2025: بالی وڈ کے تینوں خانز کی جوائے فورم میں دھواں دار انٹری
جوائے فورم میں شاہ رخ خان کا پیغام، بچوں کی تخلیقی سوچ ہمیشہ نیا جذبہ دیتی ہے
