اسلام آباد ہائیکورٹ نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کے نیب فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے جائیداد نیلامی کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔
جائیداد نیلامی کے نیب کے فیصلے کیخلاف زلفی بخاری کی ہمشیرہ سکینہ بخاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔
مزید پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والوں کو پہلے جرمانہ کریں ، فوری مقدمہ درج نہ کیا جائے ، اسلام آباد ہائیکورٹ
درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے بتایا کہ نیلامی کا عمل جاری ہے لیکن ہمیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔ اشتہار جاری ہوا تو اس سے ہمیں نیلامی کا علم ہوا۔ جائیداد کس نے خریدی ہے اس کے کوئی دستاویزات بھی سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً اکیس سو کنال مشترکہ اراضی ہے جس کی تقسیم ابھی نہیں ہوئی۔ دیگر مالکان بھی ہیں لیکن میں صرف سکینہ بخاری کا وکیل ہوں۔
مزید پڑھیں:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی بحریہ ٹائون کی جائیداد نیلامی کا کیس سننے سے معذرت
بعد ازاں عدالت نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دیتے ہوئے نیب سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا اور کیس کی سماعت نومبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔
