لندن: برطانیہ میں تین سالہ بچی کی ٹافی کھانے کی خواہش نے اس کے والدین کو 17 کروڑ 18 لاکھ پاکستانی روپے جتوا دیئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ کے 44 سالہ ولڈیٹ بوجاپی نے کہا کہ وہ کبھی بھی اس لاٹری کا ٹکٹ نہ خریدتے اگر اُن کی بیٹی گھر واپس جاتے ہوئے ٹافیاں لینے کے لیے اصرار نہ کرتی۔
انہوں نے کہا کہ جب تیسری بار اُن کی بیٹی نے ٹافیاں خریدنے کی خواہش ظاہر کی۔ تو وہ ٹافیاں لینے دکان کی جانب چل پڑے۔ جہاں انہیں لاٹری نکلنے کی خوشخبری ملی۔
ولڈیٹ نے کہا کہ جب انہیں لاٹری نکلنے کا پتہ چلا تو وہ بہت خوش ہوئے۔ اور اُن کی بیٹی جو پہلے اپنے والد کی شہزادی تھی اب ملکہ بن گئی ہے۔ اُن کے پہلے پانچ نمبر 27، 30، 31، 41، 43 لگے جبکہ لکی اسٹار 8 بھی لاٹری کے نمبر سے میچ کر گیا۔
ان کی اہلیہ نے کہا کہ میں گھر کی صفائی میں مصروف تھی۔ جب میرے شوہر کا فون آیا۔ میں باتھ روم صاف کر رہی تھی اور فون سننے کے لیے میں ہاتھوں پر پہنے ہوئے ربڑ کے دستانے اُتارنا نہیں چاہتی تھی۔ تاہم ولڈیٹ کا پہلا لفظ یہ تھا کہ نیویارک کی بکنگ کرو میں نے لاٹری جیت لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نیویارک میں اپنا یادگار سفر منانے کے لیے پیسے جمع کر رہے تھے۔ لیکن یہ ہمیشہ ہی مشکل ہو جاتا اور کسی وجہ سے پلان خراب ہو جاتا۔
ولڈیٹ نے کہا کہ اب ہمارے پاس پیسے ہیں۔ اور ہم نیویارک جا سکتے ہیں۔ جہاں اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ سب سے زیادہ حیران کن لمحہ یہ تھا کہ جب میں نے اپنے 12 سالہ بیٹے کو بتایا کہ ہم لاٹری جیت گئے ہیں تو اُسے یقین دلوانا ہی بہت مشکل تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا سمجھ رہا تھا کہ ہم مذاق کر رہے ہیں۔ لیکن جب میں نے اسے لاٹری ایپ پر دکھایا تاکہ اسے ہماری جیت کا یقین آ جائے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں کم عمر بچوں کو گاڑی میں اکیلا چھوڑنے پر 500 ریال جرمانے کا اعلان
نیشنل لاٹری کے سینئر مشیر اینڈی کارٹر کا کہنا ہے۔ کہ ولڈیٹ اور اس کی فیملی کے لیے یقینی طور پر کچھ زبردست اور یادگار لمحات منتظر ہیں۔
