پرتھ: آسٹریلیا نے بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بھارت ٹیم بیٹنگ کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ اور ابتدائی 3 بلے باز مجموعی طور پر صرف 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شبمن گل 10، روہت شرما 8 اور ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بھارتی اننگز کے دوران دو مرتبہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔ جس کے بعد میچ کو 26 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا۔
بھارت نے مقررہ 26 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ کے ایل راہول 38 اور اکشر پٹیل 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔ نتیش کمار ریڈی 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ، مچل اوون اور میتھیو کوہنمین نے 2،2 جبکہ مچل اسٹارک اور نیتھن ایلس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کو ڈی ایل میتھڈ کے تحت 26 اوورز میں 131 رنز کا ہدف ملا جو اس نے باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر 21.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایمی جونز نے ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں 2,500 رنز مکمل کر لیے
کپتان مچل مارش 46 اور میٹ رینشا 21 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ جوش فلپ 37 جبکہ ٹریوس ہیڈ اور میتھیو شارٹ 8، 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
