وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔
سیز فائر معاہدے کے بعد ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشتگردی کا سلسلہ فی الفور بند ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود کی ملاقات ہو گی، ہم قطر اور ترکیے دونوں برادر ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
سرحدی کشیدگی کے باعث پاک افغان تجارت معطل ، اربوں روپے کا نقصان
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں، قطری وزارت خارجہ نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنگ بندی پر اتفاق دوحہ میں قطر و ترکیے کی ثالثی میں ہوا۔
قطری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی خطے میں پائیدار امن کے قیام کی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی، امید ہے جنگ بندی دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کا خاتمہ کرے گی۔
