نوازشریف کو جیل نہیں جانے دوں گی، والدہ شمیم اختر


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ شمیم اختر نے کہا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ناحق سزا دی گئی، میں ان تینوں کو جیل نہیں جانے دوں گی، اگر جیل بھیجا گیا تو ساتھ جاؤں گی۔

نواز شریف کی والدہ شمیم اختر نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میرا بیٹا واپس آ رہا ہے، جس نے پاکستان کو روشن بنایا وہ وطن واپس آ رہا ہے اور میں پھر سے اپنے بیٹے کا ماتھا چوم سکوں گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بے گناہ ہے، اللہ تعالی ظالموں کو ہدایت دے۔

نوازشریف اور مریم نواز 13 جولائی کو لندن سے پاکستان پہنچ رہے ہیں اور قومی احتساب بیورو(نیب) نے ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹ) کیس میں نواز شریف کو گیارہ سال، مریم نواز کو آٹھ سال اور کیپٹن ریٹائر صفدر کو ایک سال قید کی سزا اور بھاری جرمانہ کیا تھا۔

کیپٹن(ر) صفدر کو گرفتار کرکے بدنام زمانہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کو لندن سے پاکستان واپسی پر گرفتار کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں