اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت کی نمود و نمائش کرنے والے امیروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے نان فائلرز سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اور 30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی فہرست تیار کی جا رہی ہے۔ جس کے بعد اگلے ماہ سے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔
دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز انفلوئنسرز کی تفصیلات بھی نادرا سے حاصل کر لی گئی ہیں۔ اور ان کے بینک اکاؤنٹس، اخراجات، بیرون ملک سفر، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز کی معلومات ایف بی آر کے پاس موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اسٹارز کا ڈیٹا ایف بی آر مانیٹرنگ کے ذریعے چیک کرے گا۔ جس کے بعد ایسے سوشل میڈیا انفلوئنسرز جو نان فائلرز ہیں۔ اور مہنگی گاڑیوں، گھروں، کپڑوں اور جیولری کے نمائش کرتے ہیں، وہ ایف بی آر کی گرفت میں آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پرانی گاڑی دے کر آسان اقساط پر سوزوکی آلٹو حاصل کریں
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں نہ آنے والے شوبز اور سوشل میڈیا سے جڑے بااثر افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ تاکہ قومی خزانے میں ٹیکس وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔
