ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے ستلج ، راوی اور چناب میں بڑے سیلابی ریلے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آج دریائے راوی اور چناب کا بڑا سیلابی ریلا ملے گا، بڑا ریلا ہیڈ سدھنائی کے مقام تک پہنچ چکا ہے، ہیڈ سدھنائی سے بڑا ریلا ہیڈ محمد والا کی طرف بڑھے گا تو مسائل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے چناب کا بڑا ریلا ہیڈ جھنگ کے ہیڈ تریموں پر پہنچا ہے، بڑے ریلے کے باعث نقصان کا خدشہ ہوا تو مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے، دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر ڈیڑھ ماہ سے ہائی فلڈ کی صورتحال ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پورے پنجاب میں بارشیں ہو رہی ہیں، بھارت کے ڈیم بھی 100 فیصد بھر چکے ہیں، 6 سے7 ستمبر تک سندھ میں سیلابی ریلا داخل ہو سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج سے 5 ستمبر تک مزید بارشیں ہوں گی۔
بونیر، خیبر اور گرد و نواح میں طوفانی بارش ، گھر سیلابی پانی میں بہہ گیا
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہیڈ سدھنائی پر صفوراں بند کو بریچ کیا جا سکتا ہے، ملتان میں ہیڈ محمد والا کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریاؤں میں مزید طغیانی کا خدشہ ہے، 5 ستمبر کو ہیڈ پنجند میں پانی کا بڑا ریلا گزرے گا۔انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا چکے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، دریائے سندھ میں 7 اور 8 ستمبر کو اونچے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
ایس ایم،کلیان اور ہالا اولڈ بچاؤ بند کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، کچے کے علاقے میں 10 سے 15 روز تک سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، مٹیاری میں کچے کا علاقہ 100 فیصد زیرآب ہے، کپاس، گنا، مکئی سمیت دیگر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
