ایشیا کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سری لنکا کے لیجنڈری اوپنر سنتھ جے سوریا کے نام ہے۔ بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بیٹر نے نہ صرف اپنی جارحانہ بیٹنگ سے شائقین کو مسحور کیا بلکہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کئی یادگار اننگز کھیل کر اپنا نام سنہری حروف میں درج کرا لیا۔
جے سوریا نے 1990 سے 2008 تک ایشیا کپ کے دوران مجموعی طور پر 25 میچز کھیلے۔ اس دوران انہوں نے شاندار انداز میں 1220 رنز اسکور کیے۔ ان کی بیٹنگ اوسط 53.04 رہی جبکہ اسٹرائیک ریٹ بھی شاندار 102.52 رہا، جو اس دور کے حساب سے نہایت متاثر کن اعداد و شمار ہیں۔
این اے129،حماد اظہر کا ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان
ان رنز میں جے سوریا نے 6 شاندار سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں اسکور کیں، جو کسی بھی بیٹر کی جانب سے ایشیا کپ میں بنائی گئی سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔ ان کی بہترین اننگز 130 رنز رہی، جو آج بھی کرکٹ شائقین کو یاد ہے۔
جے سوریا کی یہ کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف سری لنکن کرکٹ کے لیے بلکہ پورے ایشیا کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے میچ ونر بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ ہی وہ پہچان ہے جس نے ایشیائی کرکٹ کو ایک نئی شناخت دی۔
سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں مزید اضافہ مانگ لیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ جے سوریا کے بعد دوسرے نمبر پر بھی سری لنکا ہی کے بلے باز کمار سنگاکارا موجود ہیں جنہوں نے 24 میچز میں 1075 رنز بنائے۔ بھارت کے سچن ٹنڈولکر 971 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جب کہ روہت شرما اور بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
