8 انڈر پاسز ٹریفک کیلئے مکمل بند، کراچی سمیت سندھ کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی

موسلادھار بارش

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے بیشترحصوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشترحصے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، سکھر اور میرپور خاص میں بارش کی توقع ہے۔

بے نظیر آباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ اور جامشورو کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

کراچی میں موسلادھار بارش، اعداد و شمار جاری

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہاہے کہ مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش کی توقع ہے، مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیرآب آنے سے آمدورفت متاثر ہونے کا بھی امکان ہے۔

کمزور انفرا سٹرکچر، کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینل کو نقصان پہنچے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث طغیانی کا خطرہ ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے 8 انڈر پاسز ٹریفک کیلئے مکمل بند ہیں، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ضلعی وسطی میں 4، شرقی میں 3 اور ملیر کا ایک انڈر پاس بند ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق طارق روڈ، شہید ملت روڈ ، ڈرگ روڈ انڈر پاس، ناظم آباد چورنگی ، محسن بھوپالی انڈر پاس، ناظم آباد انڈر پاس، لیاقت آباد اورغریب آباد انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہے، سہراب گوٹھ انڈر پاس بھی ٹریفک کی آمدو رفت کیلئے مکمل بند ہے۔


متعلقہ خبریں