وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیرمقام نے ان کا استقبال کیا ، وزیراعظم نے بونیر اور شانگلہ کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال اور نقصانات کا فضائی جائزہ لیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مزید 2 ارب روپے جاری کر دیئے
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوات کے بعد بونیر گئے جہاں انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ، وزیراعظم نے بونیر میں متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی چیک تقسیم کیے۔
وزیراعظم نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج اس نازک گھڑی میں مکمل تعاون کے لئے پرعزم ہیں۔ بحالی کا عمل تیز کرنے کیلئے تمام دستیاب قومی وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
وزیراعظم نے غیر قانونی قبضوں، ٹمبر مافیا، آبی گزرگاہوں میں کان کنی اور کرشنگ کی سرگرمیوں کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر نقصان کے ذمہ دار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت نے ملکر آفت کامقابلہ کرنا ہے، خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث تباہی ہوئی، متاثرین کی بحالی سب کی ذمہ داری ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں سے مزید 12 افراد جاں بحق، 3 زخمی
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے سیلاب و طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد کے لئے پاک فوج کے جوانوں کی بے لوث خدمات کو سراہا اور فارمیشن کو ہدایت کی کہ ذمہ داری کو انتہائی لگن کے ساتھ انجام دیں، متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کے ازالے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت اور ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خیبر پختونخوا میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم شہبازشریف نے مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی انتھک محنت کو سراہا۔
