چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کو خطرہ ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی متاثر ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ملک بھرمیں بارشوں کے باعث 670افرادجاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے میں لاپتہ ہونے والوں کی تلاش جاری ہے،ستمبر کے آخرتک صورتحال معمول پر آجائے گی،انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 80سے 90افرادلاپتہ ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت حالیہ سیلاب کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخوا اور گلگت میں سیلاب کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کا نیا سلسلہ، ندی نالے بپھر گئے، پانی گھرو ں میں داخل
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث تباہ کاریاں ہورہی ہیں،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ این ڈی ایم اے پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہے،وفاقی حکومت قومی ذمہ داری کے تحت اپنا کردار اداکررہی ہے،ارلی وارننگ سسٹم کے تحت ڈیٹا شیئر کیاجاتارہا،متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت مدد کررہی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کلاؤڈ برسٹ کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کی کوشش کریں گے، سیلاب متاثرین سے دلی ہمدردی ہے۔
وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے بلاتفریق صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرناہو گا۔
