خلیج تعاون کونسل (GCC) نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے “گریٹر اسرائیل” سے متعلق بیانات کوشدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اورعرب دنیا کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قراردیا ہے۔
کونسل نے اسرائیلی انتہا پسند وزیر سموٹریچ کی جانب سے نئی غیرقانونی بستیوں کے منصوبے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے انکارکی بھی مذمت کی۔
گریٹر اسرائیل کے قیام سے متعلق بیانات مسترد
خلیجی وزرائے خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پرکوئی خودمختاری حاصل نہیں ہے، اوراس کی جانب سے الحاق کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
خلیج تعاون کونسل نے غزہ میں فوری اورغیر مشروط جنگ بندی، انسانی امداد کی مسلسل رسائی، اسرائیلی محاصرہ ختم کرنے اورغزہ کی تمام گزرگاہیں کھولنے کا مطالبہ کیا۔
کونسل نے کہا کہ فلسطینی عوام کے جبری انخلا کو مکمل طورپرمسترد کرتے ہیں، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اوراسرائیلی حکومت کی حالیہ پالیسیوں سے خطے میں قیام امن کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچا ہے اوریہ اقدامات کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
