اسلام آباد، وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے حالیہ فیصلہ پاکستان کی طویل عرصے کی کامیاب سفارتکاری اور ٹھوس شواہد کا نتیجہ ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ دراصل اُن پراکسیز کیخلاف ہے جو ہندوستان کی سرپرستی میں دہشتگردی کو فروغ دیتی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری کوشواہد فراہم کیے کہ بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی تنظیمیں مختلف ناموں سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کررہی ہیں۔
امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا
انہوں نے کہا کہ آج دنیا نے ہمارے مؤقف کو تسلیم کر لیا ہے یہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، امریکی فیصلے سے پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اس جنگ میں جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور ہماری افواج اورعوام نے قربانیوں کی نئی مثال قائم کی ہے۔
پاکستان دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ اپنی بقا اور سلامتی کے لیے لڑ رہا ہے اور کامیابیوں کا یہ تسلسل اسے جلد منطقی انجام تک پہنچائے گا۔
