وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیکل کالجز اور انجینئرنگ یونیورسٹیز میں ضم اضلاع کا کوٹہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
زیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں وزیر اعظم ہاؤس آنے والے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی عمائدین کے وفد کو خوش آمدید کہا۔
جرگہ میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے اور ان علاقوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
قبائلی عمائدین نے کوٹہ بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم اور خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے آج قبائلی عمائدین کی میزبانی کرتے ہوئے انتہائی خوشی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا تعلق ان علاقوں سے ہے جو شاندار تاریخی پس منظر اور روایات کے امین ہیں۔قبائل نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور امن کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں۔
پاکستان اور قبائلی علاقوں کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، گورنر خیبر پختونخوا
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیکیورٹی فورسز،پولیس اور دیگر ادارےدہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے اکابرین کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ضم اضلاع کی معاشی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیم ، صحت ، ہنر اور روزگار کے مواقع کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ضم اضلاع میں یونیورسٹی اور پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئےخطیر رقم مختص کی ہے۔
