مون سون بارشوں کا زوردار اسپیل جاری ہے، پنجاب میں چھتیں گرنے سے گیارہ افراد جاں بحق ہو گئے۔
لاہور میں بارش کے با عث ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی، بہو اور 2 پوتیاں شامل ہیں۔ بارشوں سے رائیونڈ میں گھر کی چھت گرنے سے 3افراد جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رائیونڈ کے علاقے کوٹ جمال پورہ میں بھی گھر کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ واضح رہے کہ لاہور اور گردونواح میں رات کو موسلا دھار بارش سے متعدد شاہراہیں ڈوب گئیں۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی
فیصل آباد سیتانہ روڈ پر مکان کی چھت گر نے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق چھت گرنے سے 3بچے بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتا ل منتقل کر دیا گیا ہے، سمندری میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر نے سے 2افرادزخمی ہو گئے۔
گزشتہ رات سے اب تک بارش کے 4 اسپیل ریکارڈ کئے گئے ہیں، واسا کے مطابق پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تاج پورہ کے علاقے میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں ہو رہی ہیں۔ جڑواں شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔