بھارتی ٹیسٹ کپتان شبھمن گل نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
شبھمن گل نے برمنگھم ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 269 اور دوسری اننگز میں 161 رنز کا انفرادی اسکور بنایا، وہ ایک ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ اسکور (430 رنز) بنانے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے۔
ایک ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ انگلش بیٹر گراہم گوچ کے پاس ہے جنہوں نے 1990 میں لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف 456 رنز بنائے تھے۔
بھارتی کپتان ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 150 پلس اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز بھی بن گئے ہیں، اس سے پہلے یہ کارنامہ صرف ایلن بارڈر نے انجام دیا تھا جنہوں نے 1980 میں پاکستان کے خلاف لاہور میں 150 اور 153 رنز بنائے تھے۔
انڈر 18 ہاکی ایشیاء کپ، پاکستان کی مسلسل دوسری جیت
شبھمن گل اُن 9 بیٹرز میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری اور سنچری اسکور کی، بھارت کی جانب سے ان سے پہلے صرف سنیل گواسکر نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
شبھمن گل بھارت کے تیسرے کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے دونوں اننگز میں سنچریاں بنائیں۔ ان سے پہلے گواسکر نے 1978 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 107 اور 182 اور ویرات کوہلی نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف 115 اور 141 رنز بنائے تھے۔
بھارت نے انگلینڈ کو سیریز کے دوسرے میچ میں باآسانی 336 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 608 رنز کا بڑا ہدف دیا، جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 271 رنز بنا سکی۔
واضح رہے کہ بھارت نے پہلی اننگز میں 587 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے، دوسری اننگز میں بھارت نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 427 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ صرف 271 رنز بنا سکی۔
