نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب آج منعقد کی جائے گی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دیا جائے گا، جس میں مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین اور دیگر حکام شریک ہونگے۔
غلافِ کعبہ کا نچلا حصہ 3 میٹر تک بلند، سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا
غلافِ کعبہ کی تیاری کے عمل میں دو سو سے زائد ماہر کاریگر اور فنکار شریک ہوتے ہیں۔ کسوہ فیکٹری میں 11 ماہ کی مسلسل محنت سے تیار کردہ نیا غلاف مجموعی طور پر 1,415 کلوگرام وزنی ہے۔
غلاف میں 1,000 کلوگرام خالص سِلک (ریشم) استعمال کیا گیا ہے اور 120 کلوگرام سونے اور 100 کلوگرام چاندی سے تیار کردہ دھاگوں سے قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کی گئی ہے۔ نیا غلاف چار بڑے ٹکڑوں کے ساتھ درمیانے اور چھوٹے 47 حصوں پر مشتمل ہے۔
خانہ کعبہ کو غسل دے کر خوشبوؤں سے معطر کر دیا گیا
تقریب کا آغاز نمازِ عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصوں کو احتیاط سے ہٹانے سے ہو گا، جبکہ مکمل طور پر نیا غلاف نمازِ عشاء کے بعد کعبہ شریف پر چڑھایا جائے گا۔
یہ روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں اسے ایک عظیم الشان اور مقدس عمل کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
