تہران/تل ابیب، ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل حملہ کر دیا، جس کے بعد تل ابیب اور یروشلم میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں سائرن بجنا شروع ہو گئے اورشہریوں کو فوری طور پر بنکروں میں جانے کی ہدایت دی گئی اورپاسداران انقلاب کا کہنا ہے اسرائیل کی عسکری تنصیبات،آپریشن سپورٹ مراکز نشانہ تھے۔
ایرانی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی حملوں کے جواب میں اسرائیل نے اصفہان نیوکلیئر سائٹ پر حملہ کر دیا ہے، اسرائیل نے لنجان، مبارکہ، شہرضا اور اصفہان شہر کو نشانہ بنایا، ایرانی شہر اصفہان پر حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، اسرائیل نے اصفہان نیوکلیئر سائٹ کو نشانہ بنایا، تابکاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیل پر ایران کے جوابی میزائل حملے، متعدد عمارتیں ملیامیٹ
ایرانی میزائل ایک بار پھراسرائیلی فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوئے ہیں، عمارت سے میزائل ٹکرانے کےبعد آگ بھڑک اٹھنے کی فوٹیج سامنےآگئی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق یروشلم اور تل ابیب کے مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ یہ میزائل ایران کی جانب سے داغے گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آورمیزائلوں کو روکنے کی بھرپور کوشش جاری ہے اوردفاعی نظام حرکت میں آ چکا ہے، اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کی تیاریوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
