کراچی: شہر قائد کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدی کی والدہ نے بیٹے کو خود جیل حکام کے حوالے کر کے مثال قائم کر دی۔
ملیر جیل میں عملے کی غفلت کی وجہ سے فرار ہونے والے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم قیدیوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی فرار ہے۔
جیل سے قیدیوں کے فرار پر ایک غیر معمولی واقعہ بھی سامنے آیا۔ جب ایک قیدی فرار ہونے کے بعد گھر پہنچا تو اس کی والدہ اسے سمجھا بجھا کر دوبارہ جیل لے آئی اور حکام کے حوالے کر دیا۔
قیدی کی والدہ نے اپنے بیٹے کو جیل کے باہر پولیس کے حوالے کیا اور اپنے بیٹے کی غلطیوں پر معافی مانگتی رہی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی، وزیر اعظم
مذکورہ قیدی کی والدہ جیل کے باہر پولیس اہلکاروں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی رہی کہ میرے بیٹے سے غلطی ہوئی ہے۔ اور میں خود اسے آپ کے پاس لے کر آئی ہوں۔ مہربانی کرنا اور اسے کچھ نہ کہنا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اور صارفین کی جانب سے والدہ کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
