خود کو بدلے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جو قوم اپنے ہیروز کو بھول جاتی ہے اسے کوئی نہیں سمجھ سکتا۔

عمران خان نے اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 25 جولائی کو عوام نے موقع دیا تو چوہدری رحمت علی کا پاکستان لائیں گے کیونکہ چوہدری رحمت علی پاکستان کی سوچ نہ لاتے تو پاکستان ہی وجود میں نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم وہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں انسانیت ہو، ہم اس طبقے کا بوجھ اٹھانا چاہتے ہیں جو نیچے گرا ہوا ہے، ہمارے ملک میں تو لوگوں کے پاس پینے کے لیے صاف پانی بھی موجود نہیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ہمیں حکومت ملی تو پسماندہ علاقوں پر پیسہ خرچ کریں گے کیونکہ کمزور طبقوں کی خدمت کرنے سے ہی ملک میں برکت آئے گی اور یہ ریاست ہی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پیچھے رہ جانے والوں کی مدد کرے۔

انہوں نے نون لیگ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  جنوبی پنجاب کا فنڈ لاہور میں ہی خرچ کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تقدیر بدل سکتا ہے، قوموں کو تقدیر بدلنے کا موقع کبھی کبھی ملتا ہے، جب تک خود کو نہیں بدلیں گے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دو جماعتوں کی کرپشن سے قوم اربوں کے قرض میں ڈوب گئی۔


متعلقہ خبریں