وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا ہے کہ ساری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے۔
وزیراعظم کے زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ،وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ،وفاقی وزیر احسن اقبال اور مصدق ملک بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس میں بھارتی جارحیت کے خلاف حکمت عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں بھارتی حملوں اور پاکستانی جوابی کارروائی پر عسکری حکام نے بریفنگ دی۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دو گھنٹے جاری رہا اور اس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
لاہور اور کراچی کی فضائی حدود کو کھول دیا گیا
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نےحملوں کا فوری جواب دیتے ہوئے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جوابی کارروائی میں بھارت کے 5 طیارے گرائے اور بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا۔
بھارت کو بھرپور جواب دینے پر قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے پاک فوج کی ستائش کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری سالمیت اور وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف تین بجے قوم سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی حملوں میں شہید معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں بھارتی بلااشتعال، بزدلانہ اور غیرقانونی جنگی کارروائیوں پر غور کیا گیا۔
بھارتی افواج نے رات گئے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد پر مشترکہ میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے، بھارتی حملے جھوٹے الزامات کی بنیاد پرکیے گئے، معصوم مرد، خواتین، بچے شہید، مساجد اور شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بھارتی جارحیت نے خلیجی ممالک کی کمرشل فلائٹس اور نیلم-جہلم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کو بھی خطرے میں ڈالا، قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی حملوں کو پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اعلان جنگ قرار دیا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک جرم، انسانی اقدار اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے 22 اپریل کے بعد شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، بھارت نے جان بوجھ کر سچ چھپانے کی کوشش کی۔
قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ بھارت نے جھوٹ اور سیاسی مقاصد کی خاطر معصوم شہریوں پر حملہ کیا، پاکستان اس کو برداشت نہیں کرے گا۔ علاقائی آگ بھڑکانے کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
افواج پاکستان نے مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے بھارتی حملے ناکام بنائے، 5 بھارتی طیارے اور ڈرونز مار گرائے، پاکستان کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جوابی کارروائی کا پورا حق حاصل ہے، قومی سلامتی کمیٹی نے افواج پاکستان کو جوابی کارروائی کے لیے مکمل اختیارات دے دیے۔
قوم افواج پاکستان کی بہادری اور بروقت دفاع پر فخر کرتی ہے، پوری قوم متحد اور پرعزم ہے، قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری سے بھارت کی غیرقانونی کارروائیوں کا نوٹس لینے اور جوابدہ ٹھہرانے کی اپیل کی۔پاکستان امن چاہتا ہے لیکن خودمختاری، سالمیت اور عوام کو نقصان پہنچانے کی اجازت کبھی نہیں دے گا۔