سکھر: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے تین آمروں کے خلاف لڑائی لڑی اور اُنہیں شکست دی، آمروں کی باقیات اور حواریوں کو بھی جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پانچ جولائی کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا کیونکہ پانچ جولائی کو ایک آمر نے ملک سے جمہوریت کا صفایا کرنے کی سازش کی تھی اور جمہوریت پسند افراد کو قید تنہائی سمیت بدترین بربریت کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ضیا کی آمریت نے ملک کو دلدل کی جانب دھکیلا جو عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب تھا لیکن آمریت ذوالفقارعلی بھٹو کا عزم و حوصلہ توڑنے میں ناکام رہی اور بھٹو فخر سے پھانسی کے پھندے پر چڑھ گئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی زندگی اور موت ننگے پاؤں والے لوگوں کے حقوق کی جدوجہد کے لیے وقف کر دی جبکہ آمر نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کو تقویت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ضیا الحق نے بے نظیربھٹو کی زیرقیادت بحالی جمہوریت کی عوامی تحریک کو کچلنے کے لیے سر توڑ کوششیں بھی کیں لیکن ناکام رہے۔
بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ وہ قائد کے تصور کے مطابق پاکستان کو مساوات پر قائم پرامن، ترقی پسند اور خوشحال ملک بنائیں گے۔