محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
مغربی/شمال مغربی بلوچستان، مغربی خیبرپختونخوا اور وسطی/جنوبی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بالائی علاقوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ بعد از دوپہر مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
اٹلی کی طرز پر جدید ڈیری فارمنگ،دودھ اور پنیر کی پیداوار کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
مری،گلیات اور گرد و نوا ح میں موسم سرد جبکہ بعد از دوپہر مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، میانوالی، خانیوال، کوٹ ادو، بہاولپور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان،کرم، باجوڑ، خیبر، چترال اور دیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، بارکھان، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں سکھر، جیکب آباد، گھوٹکی، کشمور اور گرد و نواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم سرد جبکہ شام یا رات میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ مغربی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہوگئی ہیں،16اضلاع میں بارشوں کاامکان ظاہر کیا گیا ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کا کسانوں کو مفت بیج دینے کا فیصلہ
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش برسانے والا سسٹم سات دن تک اثر انداز رہے گا۔
شمالی اور پہاڑی علاقوں میں بارش، گرج چمک، برفباری جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔گلگت بلتستان میں کل سے 2 مارچ تک شدید بارشوں اور برف باری کا امکان ہے، کشمیر میں 25 فروری سے 2 مارچ تک بارش اور برفباری ہوگی جبکہ خیبر پختونخوا میں 24 فروری سے یکم مارچ تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اسلام آباد سمیت پنجاب میں 25 فروری سے یکم مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، مری اور گلیات میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے،بلوچستان میں آج سے 26 فروری تک بارش اور برفباری، سندھ میں کل اور پرسوں دو دن ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔
