کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں انتخابی مہم کے پہلے دن صوبہ سندھ کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ زرداری کی پارٹی سے مقابلہ ہے‘۔
کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پانی و بجلی کے مسائل کے پیچھے صرف ایک ہی چیز ہے کہ پہلے کبھی کسی نے دور کی نہیں سوچی، الیکشن 2018 میں اس جماعت کو ووٹ دینا جو یہ نہ سوچے کہ اگلے الیکشن کے لیے ہم نے کیا کرنا ہے، آپ نے یہ سوچنا ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے کیا کرنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس نے اگلے الیکشن کا نہیں آنے والی نسلوں کا سوچا، کراچی کے مسئلے اس لیے ہیں کہ 30 سال سے باریاں لینےوالوں نےمستقبل کا کبھی نہیں سوچا، جودس سال میں کراچی میں کچھ نہیں کرسکے وہ آئندہ پانچ سال میں بھی کچھ نہیں کریں گے۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی پورے ملک سے ووٹ لے کر کامیاب ہوگی اور سندھ میں ہمارا مقابلہ آصف زرداری کی پیپلزپارٹی سے ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد انشا اللہ پورے پاکستان میں درخت لگائیں گے ہم نے خیبر پختونخوا میں ایک ارب 18 کروڑ درخت لگائے اور جنگلات کی وجہ سے کے پی میں گرمی کی شدت میں کمی ہوئی۔
اس سے پہلے عمران خان نے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر اور فکس اٹ نامی تنظیم کے بانی عالمگیر کے قائم کردہ یتیم خانہ کا افتتاح بھی کیا۔