منیلا: فلپائن میں شہر تانوان کے میئر انتونیو حلیلی کوقتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق انتونیو حلیلی کی موت سینے میں گولی لگنے سے ہوئی۔
واقعہ شہر میں جاری پرچم کشائی کی تقریب کے دوران اس وقت پیش آیا جب ناتوان کے میئر سرکاری ملازمین کے ساتھ کھڑے قومی ترانہ پڑھ رہے تھے۔
پولیس کے مطابق اس وقت اچانک نامعلوم سمت سے آنے والی گولی ان کے سینے میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فلپائن کے میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی جس کی ویڈیو بھی موجود ہے لیکن تاحال ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
انتونیو حلیلی منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے مشیات کی اسمگلنگ میں ملوث مجرمان کو ’شیم واک‘ کی صورت شہر کے گلی کوچوں میں بھی گھمایا تھا۔
فلپائن کے میڈیا کا کہنا ہے کہ انتونیو حلیلی کو کافی عرصے سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ثبوت و شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔