اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق ڈپٹی چیئرمین نادرا سید مظفرعلی شاہ کے خلاف ڈیٹا چوری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مظفرعلی شاہ نادرا کے ملازم تھے، ملازمت ختم ہونے کے بعد وہ حساس سرکاری ریکارڈ ساتھ لے گئے، انہیں متعدد مرتبہ ڈیٹا واپس کرنے کے لیے کہا گیا تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ان کی جانب سے ریکارڈ واپس نہ کیے جانے کے باعث اس کے غلط استعمال کا خدشہ ہے اسی لیے مظفر شاہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مظفرعلی نے اپنے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نے نادرا سے ڈیٹا افشا ہونے پر پوچھ گچھ کی تو سارا الزام میرے سر ڈال دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، نادرا کو خود عوام میں اپنا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔