نجیب رزاق کی دولت کا اندازہ لگائیں ! ملائیشین پولیس تو 16 دن لے گی

سابق وزیراعظم کے گھر چھاپہ، سامان کی مالیت کا اندازہ لگانے کیلئے 16 دن درکار | urduhumnews.wpengine.com

ملائیشیا : پولیس نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی جائیدادوں پر چھاپے کے دوران ہینڈ بیگز، قیمتی گھڑیاں اور زیورات برآمد کیے ہیں۔ برآمد کیے جانے والے سامان کی مالیت کا اندازہ 273 ملین ڈالرز لگایا گیا ہے۔

ملائیشیا کی تاریخ کی سب سے بڑی برآمدگی کرنے والی پولیس کے مطابق سابق وزیراعظم کی جائیدادوں سے برآمد ہونے والے سامان کی حتمی قیمت کا تعین کرنے میں 16 دن درکار ہوں گے۔

پولیس کمشنر عمار سنگھ کے مطابق نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے نام پر موجود چھ جائیدادوں پر چھاپے مارے گئے۔ پولیس کے مطابق چھاپوں کے دوران برآمد ہونے والے سامان میں 1400 ہار، 567 ہینڈ بیگز، 423 گھڑیاں، 2200 انگوٹھیاں، 1600 کپڑوں میں لگانے والی قیمتی سوئیاں، جھمکوں کے 2800 جوڑے، اور 14 تاج شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ سامان میں سب سے قیمتی چیز سونے اور ہیروں سے بنا ایک ہار ہے جس کی مالیت کا اندازہ 1.6 ملین ڈالرز لگایا گیا ہے۔ پولیس کمشنر کے مطابق ضبط شدہ سامان کی اصل مالیت کا تعین کرنے میں کم ازکم 16 دن مزید درکار ہیں۔

نجیب رزاق کی جائیداد پر مارے گئے چھاپے اسٹیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ ون ایم ڈی بی کیس کی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ان  پر مبینہ طور پر 70 کروڑ ڈالرز کا گھپلہ کرنے کا الزام ہے۔

نجیب رزاق جب صاحب اقتدار تھے اس وقت  بڑے پیمانے پر ہونے والی تحقیقات میں انہیں بے قصور قرار دیا گیا تھا ۔

ملائیشیا کے مرد آہن قرار دیے جانے والے مہاتیر محمد کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے بعد ازسرنو تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں